Wednesday, April 8, 2020

انہونی هو بھی سکتی هے


وه آپ نے سنا تو هوگا کہ تنگ آمد بجنگ آمد تو ان حالات میں هم اس میں تھوڑی سی ترمیم کرتے هیں کہ تنگ آمد بہ گنج آمد،ویسے تو آپ شائید سمجھ هی گئے هونگے مگر پھر بھی عرض هے کہ یہ هم حکومت کو دھمکی دے رهے هیں کہ هم سمیت بے شمار لوگ اب آہستہ آہستہ اپنی زلفوں کے ہاتھوں تنگ آرہے هیں اور اگر حکومت نے جلد هی نائی حضرات(سوری باربر صاحبان) کو دکان کھولنے کی اجازت نہ دی تو هم آخری خربے کے طور پر ٹنڈ کروانے پر مجبور هوجائیں گے اور هماری ٹنڈ سے جو بھی مسائل پیدا هونگے اس کی ذمہ داری صرف اور صرف عمران خان پر هوگی اور یقین مانیں اگر عمران خان نے همیں  ٹنڈ شده دیکھ لیا تو یقینا وه "سچی توبہ" سے مستفید هونگے اور شائید ایک ہفتہ سو نہ سکیں. ہنسیے مت، یہ کوئی ہنسنے کی بات نہیں هے هم سیریس هیں.

اکثریت کی طرح هماری ٹنڈ سے ان بن بچپن سے هی چل رہی هے. همیں آج بھی یاد هے کہ بچپن میں ابھی هم ٹنڈ کروا کر دکان سے گھر کی جانب چلے هی تھے کہ کسی دل جلے نے پھبتی کسی " بے شک خرچہ هوگیا مگر ٹنڈ بڑی مزیدار نکلی هے" یقین کریں آج تک اس بات پر غصہ ختم نہیں هوا اور اگر وه شخص همیں آج بھی مل جائے تو هم زبرستی پکڑ کے اس کی ٹنڈ کر دیں اور اسی کا فقره اس کے منہ پر ماریں(دیکھیں اس پر مسکرانے کی ضرورت نہیں یہ نازک معاملہ هے.)
ویسے اگر سوچیں کہ کوئی سائنسدان کرونا سے بچاو کا حل ٹنڈ بتائے اور حکومت ہر بندے کی ٹنڈ کردے تو کیا هی سین هو، لوگوں کو گھر والے پہچاننے سے انکار کر دیں. بیویاں میکے بھاگ جائیں اور بچے تو چپ هی نہ کریں رو کر آسمان سر پہ اٹھالیں. حکومت کو لوگوں کے نئے شناختی کارڈ بنوانے پڑ جائیں، ظاہر هے پرانے سے تو اب شکل کیا گنج بھی نہیں ملتی. اور وزیراعظم یوں قوم سے خطاب کرے میرے عزیز گنج وطنو!. اور بازار میں کسی کی لڑائی کروانے کا سب سے آسان طریقه یہ هو کہ بنده کسی بھی گلی میں زور سے بول دے "گنجا ای اوئے" پھر دیکھیں لوگ کیسے ایک ایک دوسرے کے سر (سوری گنج) پھاڑتے هیں.

مرد لوگوں تک پھر بھی خیر هے مگر خواتیں  کو اگر کرونا سے بچنے کے لیے ٹنڈ کروانی پڑ جائے تو کیا هو. اکثر خواتین تو ٹنڈ کے خوف سے بے هوش هو جائیں. آپ کی بیگم یا محبوبہ ایک دن یک دم سے گنج لے کر سامنے آجائے تو آپ اپنی گنج تو بھول هی جائیں اور "امی بچاو" کہتے هوئے گلیوں میں نکل جائیں.ویسے تو یہ مذاق کی بات هے مگر مجھے یقین هے کہ یہ کالم پڑھ کز آپ کم سے کم ایک بار ضرور آئینے کے سامنے کھڑے هو کر سوچیں گے کہ میں گنج کے ساتھ کیسا/کیسی نظر آوں گا/گی. کیوں هوا ایسا کہ نہیں.
بول میری مچھلی کتنا پانی